باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

ہفتہ، 18 مارچ، 2023

پیالی میں طوفان (93) ۔ مصنوعی مقناطیس


ٹوسٹر کا کام ٹوسٹ کو گرم کرنا ہے۔ اور یہ انفراریڈ شعاعوں کی مدد سے یہ کام بہت اچھی طرح کر دیتا ہے۔ لیکن اس کا اصل کمال یہ نہیں۔
آپ اس میں ٹوسٹ رکھ کر ایک لیور دبا دیتے ہیں اور آپ کے ٹوسٹ اس کے پیٹ میں چلے جاتے ہیں۔ اگر اسے پورا نہ دبایا جائے تو یہ اچھل کر واپس اوپر آ جاتے ہیں۔ اس کو مکمل طور پر نیچے کریں تو کلک ہو گی اور یہ یہاں پر ٹھہر جائے گا۔ اب یہ کچھ دیر یہاں پر ٹکا رہے گا۔ اب آپ کو اس کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت نہیں، اس کو بار بار چیک نہیں کرنا۔ جب یہ مناسب گرم ہو جائے تو پھر یہ اچھل کر اوپر آ جائے گا۔
یہ بہت سادہ خوبصورتی ہے۔ یہ سپرنگ لوڈڈ ہے۔ اس کے نیچے سپرنگ اوپر کی طرف دھکا لگاتے ہیں۔ جب اسے مکمل نیچے کر لیا جائے تو دھات کے ٹکڑے ایک خلا پر کر دیتے ہیں۔ اس سے ایک نہیں، بلکہ دو سرکٹ مکمل ہو جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک سرکٹ گرم کرنے کے لئے ہے۔ بجلی بہنا شروع ہو جاتی ہے اور گرم ہونے لگتا ہے۔
لیکن دوسرا سرکٹ زیادہ دلچسپ ہے۔ اس سرکٹ میں الیکٹرون تار کے ایک حصے کا چکر لگاتے ہیں جو لوہے کے چھوٹے سے ٹکڑے کے گرد لپیٹی ہوئی ہے۔ اور بس۔
لیکن چونکہ مقناطیس اور بجلی اتنی گہری طرح جڑے ہوئے ہیں کہ جب کرنٹ تار میں بہتا ہے تو یہ مقناطیسی فیلڈ پیدا کر دیتا ہے۔ اس چکر کھاتی تار میں الیکٹرون بھیجنے کا مطلب یہ ہے کہ ہر بار الیکٹرون چکر لگاتے ہوئے مقناطیسی فیلڈ میں اضافہ کر رہے ہوتے ہیں۔ اس کے بیچ میں لوہے کا کور مقناطیسی فیلڈ کو بڑھاوا دیتا ہے اور اسے مزید مضبوط کرتا ہے۔ یہ الیکٹرو میگنیٹ ہے۔ جب اس میں کرنٹ بہے گا تو یہ مقناطیس ہو گا۔ جب رک جائے گا تو یہ ختم ہو جائے گا۔
جب آپ لیور دبا رہے ہیں تو آپ ٹوسٹر کے نچلے حصے میں مقناطیسی فیلڈ آن کر رہے ہیں جو پہلے نہیں تھا۔ اور یہ ٹوسٹ کی ٹرے کو اپنی جگہ پر رکھے ہوئے ہے۔ جب سرکٹ جڑ جاتا ہے تو اس کے سائیڈ پر ایک timer شروع ہو جاتا ہے۔ جب ٹائم ختم ہو گیا تو یہ پورے ٹوسٹر میں پاور کاٹ دیتا ہے۔ چونکہ الیکٹرومیگنیٹ میں کوئی پاور نہیں ہے تو یہ مقناطیس نہیں رہا۔ اب کوئی چیز ڈبل روٹی کو نیچے پکڑ نہیں رہی تو سپرنگ اسے اچھال دے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر ٹوسٹر کا پلگ نہیں لگا ہوا تو جتنی بھی بار اس کا لیور نیچے کر لیں، یہ ہمیشہ واپس آ جائے گا۔ اس کی وجہ یہ کہ الیکٹرومیگنٹ بنانے کے لئے بجلی ہی دستیاب نہیں ہے اور یہ ٹرے کو نیچے نہیں رکھ سکتا۔
یہ اس کا سادہ اور خوبصورت سسٹم ہے۔ ٹوسٹ گرم کرتے ہوئے ہم مقناطیس اور بجلی کے بنیادی کنکشن کا فائدہ اٹھا رہے ہوتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکٹرومیگنٹ بہت عام ہیں کیونکہ مقناطیس کو آن اور آف کرنے کی صلاحیت بہت مفید ہے۔ یہ کمپیوٹر ڈسک میں ہیں، لاؤڈ سپیکر میں ہیں۔ ان کو مسلسل پاور نہ ملے تو ان کا مقناطیسی فیلڈ غائب ہو جاتا ہے۔ اگر ان میں کرنٹ بہے تو یہ مقناطیس ہیں، ورنہ نہیں۔
ہم چھوٹے اور مقامی مقناطیسی فیلڈز سے گھرے ہوئے ہیں۔ کچھ مستقل اور کچھ عارضی۔ تقریباً تمام انسانوں کے بنائے ہوئے ہیں۔ یا تو کوئی مفید کام کرنے کے لئے یا پھر کسی اور مفید کام کرنے والی شے کے بائی پراڈکٹ کے طور پر۔
ان کی پہنچ زیادہ دور نہیں ہوتی اور اس کو مقناطیس کے بہت قریب ہی ڈیٹکٹ کیا جا سکتا ہے۔
لیکن یہ سب مقامی خلل اس بڑے مقناطیسی فیلڈ میں ہیں جس نے ہمارے تمام سیارے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور زمین کا یہ فیلڈ مکمل طور پر قدرتی ہے۔ ہم اس کو محسوس نہیں کرتے لیکن اس کا استعمال کرتے رہتے ہیں۔
(جاری ہے) 





کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں