باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعرات، 6 ستمبر، 2018

فون کی گھنٹی


آپ اپنے دوست کو فون ملانے لگے ہیں لیکن پہلے جان لیں کہ پسِ پردہ کیا ہو گا۔
آپ کے ہر طرف سگنل بکھرے ہیں جو مختلف موبائل کمپنیوں کے نصب ٹاورز سے آ رہے ہیں۔ آپ کے فون میں موجود سِم آپ کی پہچان ہے۔ جب آپ نے یہ فون میں ڈالی تھی تو اس میں موجود ایک نمبر (امزی) اس نے اپنے نیٹ ورک کو بھیج کر اپنے آپ کو رجسٹر کر لیا تھا اور آپ کے نیٹ ورک نے ایک کوڈ بھیج دیا تھا جو اس کے پاس محفوظ ہے اور اس سے آپ کا فون اور موبائل کمپینی کا بیس سٹیشن ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور آپ کی جگہ کی معلومات اس کی ڈیٹابیس میں موجود ہیں۔
آپ نے اب نمبر ملایا۔ پہلے یہ چیک ہونا ہے کہ کیا آپ جو سروس استعمال کرنے لگے ہیں، اس کی اجازت آپ کو ہے بھی یا نہیں۔ یہ ٹیسٹ پاس ہونے کے بعد اب اس نے آپ کا سسٹم سے بیلنس دیکھا، اس کے بعد آپ کا پیکج کی تفصیل دیکھی گئی کہ جو سروس آپ استعمال کرنے لگے ہیں، اس کے لئے آپ کو کیا قیمت دینا پڑے گی۔ اس میں اس قسم کی تفصیلات بھی دیکھی جانی ہیں کہ جو نمبر آپ استعمال کر رہے ہیں، وہ فرینڈز اور فیملی کی لسٹ میں ہے یا نہیں یا پھر دن کے کس وقت کونسا ریٹ لگنا ہے۔ پھر یہ تلاش کی گئی کہ جو نمبر آپ نے ملایا ہے، وہ اپنے نیٹ ورک کا ہے یا نہیں جس کے لئے پھر ڈیٹابیس میں اسے تلاش کیا جائے گا۔ جب یہ سب کچھ چیک ہو گیا کہ آپ یہ کال ملا سکتے ہیں اور یہ پتا لگ گیا کہ نمبر کونسے نیٹ ورک کا ہے تو پھر یہ کال اس نیٹ ورک کو بھیج دی گئی۔
دوسرے نیٹ ورک کو یہ کال ملی، اب اس نے اپنے سسٹم میں چیک کرنا ہے کہ کہ جس نمبر کو کال کیا جا رہا ہے، اس کا سِم نمبر کیا ہے اور کیا وہ نمبر یہ کال ریسیو کر سکتا ہے (مثلا، اِن ایکٹو تو نہیں ہو گیا) یا پھر آپ کہیں اس نمبر کی بلیک لسٹ میں تو نہیں۔ یہ چیک ہونے کے بعد اب سسٹم نے دیکھا کہ یہ نمبر کس جگہ پر موجود ہے۔ جس ٹاور کے ساتھ اس کا رابطہ تھا، اس تک پیغام گیا۔ پھر اس نے آپ کے دوست کے فون کو سگنل بھیج دیا کہ اس کے لئے کال آئی ہے۔ اگر فون ابھی تک رابطے میں ہے اور کال سن سکتا ہے تو اس کی گھنٹی بج اٹھی اور لیجئے اب آپ اپنے کان میں بجتی رنگ ٹون سن رہے ہیں۔
اب آپ اس سے گپ شپ لگائیں، آپ دونوں کے موبائل آپریٹر اس کال کا ریکارڈ جمع کرتے جائیں گے، اس کا بِل بنتا جائے گا اور آپ کی بدلتی جگہ کے ساتھ آپ کی کال اگلے ٹاور کو اس طرح ہینڈ اوور کی جائے گی کہ اس دوران آپ کا رابطہ مستقل برقرار رہے۔
نوٹ: یہ اس عمل کا صرف سرسری جائزہ ہے۔ اس میں کئی تفصیلات خاص طور پر انجنیرنگ سائیڈ والی چھوڑ دی ہیں۔ ہر موبائل آپریٹر کے سسٹم میں فرق ہیں اور ہر سروس کے اپنے طریقہ کار میں بھی ایک جیسے نہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں