جرم کی پیشگوئی کے لئے نقب زنی ایسا جرم ہے جہاں سے شروعات کی جا سکتی ہیں۔ جیب تراشی کے برعکس آپ کو اس کی ٹھیک ٹھیک جگہ کا علم ہوتا ہے۔ منشیات سے متعلقہ جرائم کے برعکس زیادہ تر لوگ اس کی پولیس رپورٹ درج کرواتے ہیں۔ اور لوگوں کو اس بات کا بھی علم ہوتا ہے کہ یہ ہوا کب تھا۔ (جب وہ شام کو باہر نکلے تھے یا جب دفتر میں تھے)۔ جرائم پر تحقیق کے لئے اس کا ڈیٹا سیٹ اچھا بن جاتا ہے۔
چور عام طور پر خاص علاقے میں واردات کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ جہاں سے وہ واف ہوں۔ (ایسی گلی جہاں سے چور کا گزر عام ہوتا ہو، وہاں پر وہ واردات کرتا ہے)۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ چور کتنی مصروف سڑک پر واردات کرنا پسند کرتے ہیں۔ (زیادہ ٹریفک والی سڑک پر نہیں جبکہ ایسی سڑک پرکشش ہوتی ہے جہاں پر غیرمقامی پیدل چلنے والے زیادہ ہوں اور لوگ بے پرواہ ہوں)۔
آپ کے گھر کی چوروں کے لئے کشش کے بارے میں کچھ ایسے عوامل ہیں جو وقت کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے۔ مثلاً، گھر کی جگہ اور سڑک کا مصروف ہونا۔ (جرائم کی سائنس میں اس کو flag کہتے ہیں)۔ لیکن یہ جرائم کے ہاٹ سپاٹ ساکن نہیں رہتے۔
اگر آپ کے گھر میں پچھلے کچھ عرصے میں دو مرتبہ چوری ہو چکی ہے تو آپ اس اثر سے واقف ہوں گے جس کو boost کہا جاتا ہے۔ پولیس آپ کو بتائے گی کہ اگر آپ پہلی نشانہ بنے ہیں تو اس بات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے کہ مجرم اسی جگہ کو دوبارہ نشانہ بنائیں گے۔ خواہ آپ جہاں پر بھی رہتے ہوں، ایک بار چوری ہو جانے کے بعد اس بات کا امکان زیادہ ہے کہ اگلے چند دنوں میں دوبارہ اس کو دہرایا جائے گا۔ (جرائم کی سائنس کے مطابق، یہ امکان 12 گنا زیادہ بڑھ جاتا ہے)۔
اس کی چند وجوہات ہیں کہ چور واپس اسی گھر میں واپس آئے گا۔ اس کو گھر کے نقشے کا علم ہو گیا ہے۔ یہ پتا لگ گیا ہے کہ آپ کی قیمتی چیزیں کہاں پڑی ہیں۔ اگر اس نے کمپیوٹر یا ٹی وی چرایا ہے تو امکان ہے کہ آپ نے دوبارہ خرید لیا ہو گا۔ گھر کے تالے کیسے کھولنے ہیں۔ بھاگنا کہاں سے ہے۔ یا اگر کوئی قیمتی چیز رہ گئی ہے جس کو پچھلی بار نہیں لے جا سکا تھا تو اس پر نظر ہے۔
جو بھی وجہ ہو، بوسٹ کا یہ اثر صرف آپ تک محدود نہیں، محققین بتاتے ہیں کہ آپ کے ہمسائے بھی اس اثر کا شکار ہیں۔ اور پھر ان کے ہمسائے بھی اور پھر ان کے ہمسائے بھی۔ ایک کامیاب واردات ہو جانے کے بعد پوری گلی اور محلے میں واردات کے دہرائے جانے کے امکان میں اضافہ ہو چکا ہے۔
اور اگر اس کو نقشے پر بنایا جائے تو ایسے بوسٹ شہر میں ابھرتے اور جل اٹھتے ہیں جیسے آتش بازی پھوٹ رہی ہو۔ جس جگہ پر واردات ہوئی ہو، اس سے دور جاتے جاتے بوسٹ کا اثر کم ہو جائے گا۔ اور وقت کے ساتھ بھی مدہم ہوتا جائے گا۔ (یہ وقت اگلے دو ماہ کا ہوتا ہے)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نیچرل فینامینا میں جرائم کے flag اور boost کی طرز کی ایک چیز موجود ہے۔ زلزلے۔
آپ یہ پیشگوئی نہیں کر سکتے کہ زلزلہ کہاں پر آئے گا۔ لیکن کچھ جگہوں پر زلزلوں کا امکان دوسروں سے زیادہ ہے۔ اور اگر ایک بار کسی جگہ پر زلزلہ آئے تو امکان ہے کہ اگلے چند دنوں میں دوبارہ آئے۔ اور جس جگہ پر آیا ہے، وہاں پر آنے کا امکان سب سے زیادہ ہے۔ اس سے دور جاتے جاتے یہ امکان کم ہو جاتا ہے۔ اور وقت کے ساتھ بھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بل بریٹن کی ہدایت پر زلزلوں اور نقب زنی کے پیٹرن کے درمیان پہلی مرتبہ تعلق بنایا گیا۔ لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کیلے فونیا یونیورسٹی (UCLA) میں ریاضی کے ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ شراکت کی۔ یونیورسٹی کو 80 سال میں ہونے والی تیرہ لاکھ وارداتوں کا ڈیٹا دیا گیا۔ ان سے نکالے گئے پیٹرن دکھاتے تھے کہ ریاضی کی مساوات کی مدد سے کس قدر خوبصورتی سے زلزلوں کی جھٹکوں اور جرائم کی مماثلت بنتی تھی۔ شاک اور آفٹرشاک کی طرف کرائم اور آفٹر کرائم کا تعلق تھا۔ اور یہ صرف نقب زنی نہیں بلکہ گاڑی چوری، توڑ پھوڑ، لوٹ مار سمیت بہت سے جرائم کی پیشگوئی کا طریقہ بن جاتا تھا۔
اور اس کے نتائج خود بھی ہلا دینے والے تھے۔ “فلاں علاقہ زیادہ پرخطر ہے” کے مبہم فقرے کے بجائے ان مساوات کی مدد سے خطرے کی نوعیت اور امکان بارے میں ٹھیک ٹھیک پیشگوئی کی جا سکتی تھی۔ “فلاں رات کو فلاں جگہ چوروں کی نظر میں ہو گی”۔ یہ پولیس کے لئے انسدادِ جرائم کے لئے بہت اہم معلومات تھی۔
اس تحقیق کے بعد ایسا الگورتھم لکھنا آسان تھا جو پولیس کی توجہ کا ہدف مقرر کر سکے۔
اور اس طرح PredPol (PREDictive POLicing) کے الگورتھم نے جنم لیا۔
(جاری ہے)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں