باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعہ، 17 جنوری، 2025

زندہ روشنیاں (15) ۔ آلات


زمین سمندر کا سیارہ ہے جس میں خشکی کے جزائر کا کچھ حصہ ہمارا مسکن ہے۔ ہم اپنے سیارے کو کتنا جانتے ہیں؟ ہم سمندر کے کتنے حصے کی سیر کر چکے ہیں؟ اس کا جواب “پانچ فیصد” دیا جاتا ہے لیکن یہ ایک بے معنی عدد ہے۔
اگر کسی خطے کی نقشہ بندی کرنا اس خطے کو ایکسپلور کر لینا کہلائے تو ہم سمندر کا سو فیصد نقشہ بنا چکے ہیں۔ یہ خلا سے بنایا گیا ہے جہاں پر ریڈار کی مدد سے زمین کی سطح کو دیکھا جاتا ہے۔ تاہم، یہ ریڈار پانی کے نیچے نہیں دیکھتا اور سطح سے منعکس ہو جاتا ہے۔ سمندر کی تہہ کی نقشہ بندی کے لئے لہروں اور مدوجزر کی نقشہ بندی سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس کے نیچے کے پہاڑ اور گھاٹیاں کیسے ہیں۔ لیکن اس کی ریزولیوشن بہت ناقص ہے جو کہ تین میل کی ہے۔ اس میں بہت بہت کچھ رہ جاتا ہے۔
اگلا طریقہ بحری جہازوں کا ہے جو کہ ملٹی بیم سہنار کے استعمال سے سمندر کی تہہ کا نقشہ بناتے ہیں۔ سمندر کی تیس فیصد تہہ کا نقشہ اس طریقے سے بنایا گیا ہے۔ اس کی ریزولیوشن سو گز کی ہے۔
اس سے بہتر نقشہ بنانے کے لئے پانی کا نقاب چیرنا ہو گا۔ گہرے سمندر میں ہم صرف 0.05 فیصد حصے تک گئے ہیں اور اس میں بھی تہہ کو ہی کھوجا ہے۔ اس کے اوپر کی اوسط گہرائی سوا دو میل ہے جو کہ اوجھل رہی ہے۔
وجہ کیا ہے کہ یہ کام کیا نہیں گیا؟ اس تلاش کے لئے فنڈ دستیاب نہیں۔ خلا کی مہم جوئی کو ملنے والی فنڈنگ کے مقابلے میں سمندر کو ملنے والی فنڈنگ 0.6 فیصد ہے۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ بحری ریسرچ ہو نہیں رہی لیکن اس کی رفتار سست ہے۔
بحری تحقیق کی گاڑی ایلون کی عمر پچاس سال سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اپنے کیرئیر میں اس کے شاندار کارنامے رہے ہیں۔ اس نے ہائیڈروتھرمل وینٹ دریافت کئے۔ سپین کے جنوبی ساحل سے ایک گمشدہ ہائیڈروجن بم بازیاب کیا۔ ٹائیتانک تک گئی۔ ڈیپ واٹر ہورایزن کے بڑے سانحے کے بعد کے حالات عکس بند کئے۔ بہت سی سائنسی دریافتیں اس کے نام ہیں جو کہ ہمیں بتاتی ہیں کہ ہماری دنیا کیسے کام کرتی ہے۔
سائنسی تحقیق ٹیکنالوجی کی جدت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتی ہے۔
خوردبین نے ہمارے آگے وہ دنیا آشکار کی جو کہ ہم سے مخفی تھی۔ ہبل تیلی سکوپ جیسے آلات نے ہمیں دور دراز کی دنیاؤں سے متعارف کروایا۔ سمندر کی تاریک دنیا کی کھوج کے لئے بھی ایسے کئی آلات کام کر رہے ہیں۔
(جاری ہے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں