باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

اتوار، 23 ستمبر، 2018

شہد کی مکھی، ایجادات اور نئی اکانومی


ہر سال شہد کی مکھیوں کی کالونی دو میں تقسیم ہو جاتی ہے۔ ایک حصہ اپنی جگہ رہ جاتا ہے۔ دوسرا نئی جگہ کے لئے اڑ جاتا ہے۔ کونسی جگہ بہتر ہے؟ اس سوال کی تلاش میں سکاؤٹ جگہ جگہ چھان مارتے ہیں۔ موجودہ جگہ سے فائدہ اٹھانے اور ساتھ ہی نئے تجربات کرنے کی یہ ایک مثال ہے۔
آئن سٹائن نے سپیس اور ٹائم کے بارے میں ہماری سمجھ کو بدلا۔ لیکن انہوں نے زندگی میں اور بھی بہت کچھ کیا۔ ریفریجریٹر کا ڈیزائن، جائیروکمپاس، مائیکروفون، جہاز کے پرزے، واٹر پروف کپڑے، کیمرے کی نئی قسم۔ تھیوری آف ریلیٹیویٹی پیش کرنے والے سائنسدان کا ایک پیٹنٹ بلاؤز پر بھی ہے۔ ایڈیسن کا پہلا کام ٹیلیفون کی اپ گریڈ پر تھا۔ پھر فونوگراف پر، پانی کے نیچے ٹیلیگراف لائن کے ڈیزائن کی کوشش بھی کی۔ ایک سائنس فکشن ناول بھی لکھا جو شائع نہیں ہوا۔ بین گیڈس کی کامیابیوں میں ویکیوم کلینر، برقی ٹائپ رائٹر، ایمرسن ریڈیو آتے ہیں۔ ان کے نوٹ بک پر بنائے گئے خاکوں میں اڑتی گاڑیاں، ڈسپوزیبل کپڑے اور تھری ڈی ٹیلیویژن بھی تھے۔ لیونارڈو ڈاونچی ماہر انجینئر تھے۔ ان کے ڈیزائن کردہ نہروں پر بنائے گئے لاکس آج بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ان کی ڈائری میں ہزاروں خیالات کی تصاویر ہیں جس میں پیراشوٹ کا وہ خاکہ اور ڈیزائن بھی ہے جو پہلی بار ۲۰۰۶ میں، یعنی پانچ سو سال بعد بنایا گیا۔ لیکن ان سب کے اکثر خیالات ناکام رہے۔
بیتھووین کا گروس فیوج اور پکاسو کا لے ڈی موئزے اپنے چھتے سے دور بھری گئی اڑانوں کی اس طرح کی مثالیں ہیں۔
شہد کی مکھیوں کے سکاؤٹ کے دورے زیادہ تر ناکام ہوتے ہیں۔ ایسی جگہوں پر پہنچتی ہیں جہاں پر فائدہ نہیں۔لیکن کبھی کوئی ایک چکر نئی جگہ کا پتہ دے دیتا ہے۔ کبھی پچھلے گھر کے قریب ہی، لیکن بعض اوقات کسی بالکل ہی نئی اور اچھوتی جگہ۔ کئی ایجادات کی اور دریافتوں کی کہانیاں اتفاقی لگتی ہیں۔ کوئی بھی اتفاقی نہیں۔ اس کے لئے اڑنا شرط ہے۔
آج کی اکانومی میں چلتی آج کی تخلیقی کمپنیاں اسی اصول پر کام کرتی ہیں۔ گوگل کا اصول ہے کہ اپنے ذرائع کا ستر فیصد اپنے موجودہ بزنس کو چلانے میں خرچ کرتی ہے۔ بیس فیصد نئی پراڈکٹس پر اور دس فیصد بالکل ہی اچھوتے خیالات پر۔ ناکامی مسئلہ نہیں۔ وقت کی یہ تقسیم نئی اکانومی میں چلنے والے اداروں اور آج کے نالج ورکر کے لئے بھی گائیڈ لائن ہو سکتی ہے۔ وقت کا بڑا حصہ آج پر لیکن ساتھ ساتھ وقت کی سرمایہ کاری آنے والے کل کے لئے۔ آج آپ جس جگہ پر ہیں اور جو بھی کر رہے ہیں، اس کی ویلیو کم ہوتی جائے گی۔ اپنے چھتے کی حفاظت ضروری ہے۔ کچھ وقت اڑان کے لئے بھی۔
ساتھ والی تصویر آئن سٹائن کے پیٹنٹ کردہ بلاؤز کی ہے۔



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں