آسٹریلیا ایک بہت بڑا جزیرہ ہے۔ اور اس جیسا کوئی اور نہیں۔ اتنا بڑا کہ یہ ایک پورا براعظم بھی ہے جس میں گھنا جنگل بھی ہے۔ بیابان صحرا بھی، میدان بھی اور برف پوش پہاڑ بھی۔
اور یہ تنہا ہے۔ اس کا قریبی ہمسایہ نیوزی لینڈ بھی اس سے دو ہزار کلومیٹر دور ہے۔ یہ جدید جمہوری ملک ہے اور اکیسویں صدی میں ایک معاشی طاقت ہے۔
اس کی کہانی اس وقت شروع ہوتی ہے جب برطانوی حکومت نے اپنے مجرم ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہیں اس قدر دور بھیجنا تھا جہاں سے وہ واپس نہ آ سکیں۔ اور آسٹریلیا اس کے لئے بہترین جگہ تھی۔ یہ ایک قدرتی جیل تھی جس سے فرار نہیں ہوا جا سکتا تھا۔ لیکن وقت گزرا۔ اس جیل کی سلاخیں موم ہوئیں اور آسٹریلیا عالمی سیاست پر اہم کھلاڑی بن کر ابھرا۔ اور یہ آسان سفر نہیں تھا۔
اس زمین کے بڑے حصے پر آبادی نہیں ہو سکتی لیکن یہاں پر جدید ترقی یافتہ سوسائٹی بنی۔
جب خارجہ پالیسی اور دفاع کی بات آتی ہے تو کسی بھی ملک کا نقطہ آغاز اس کا جغرافیہ ہوتا ہے۔ آسٹریلیا کا جغرافیہ اس کے لئے بیک وقت طاقت بھی ہے اور کمزوری بھی۔ یہ اسے کسی حملے سے بچاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ دنیا میں فعال کردار کو محدود بھی کرتا ہے۔
اسے جزیرہ بنے ابھی صرف ساڑھے تین کروڑ سال ہی ہوئے ہیں۔ جب یہ اینٹارٹیکا سے الگ ہوا تھا اور شمال کی طرف رینگنے لگا تھا۔ اس وقت یہ انڈونیشیا سے ٹکراؤ کے راستے پر ہے۔ لیکن دونوں ممالک کی شہریوں کو ابھی گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ رفتار سات سینٹی میٹر سالانہ ہے اور ٹکر ہونے میں چند سو ملین سال کا وقت باتی ہے۔
رقبے کے اعتبار سے یہ دنیا کا چھٹا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کی چھ ریاستیں ہیں۔ مغربی آسٹریلیا سب بڑی ہے (جس کا سائز مغربی یورپ کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہے)۔ اس کے بعد کوئنزلینڈ، جنوبی آسٹریلیا، نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریا اور تسمانیہ ہیں۔ دو علاقے ۔۔ ناردرن ٹیریٹری اور آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری ۔۔۔ ہیں۔ جبکہ کئی چھوٹے علاقے ہیں جن میں کوکوس جزائر یا کرسمس جزائر شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آسٹریلیا کے جزیرہ بننے سے لے کر یہاں انسانوں کی آمد (تقریبا پچاس ہزار سال قبل) کے درمیان میں یہاں زندگی کو الگ طرز پر پنپنے کا موقع ملا۔ یہاں کے 80 فیصد سے زیادہ ممالیہ، پودے، مینڈک یا رینگنے والے کیڑے یہیں سے خاص ہیں۔ کینگرو، پلاٹیپس، ڈنگو، ولابی، کوالا، ایکنیڈا، ولابی، ۔۔۔ یہ خطہ اپنے جانداروں کے لحاظ سے منفرد ہے۔
انسانی زندگی کے لئے یہاں کی زمین اور موسم چیلنج ہے۔ زیادہ تر وسیع، چپٹے اور خشک میدان ہیں۔ زیادہ تر جگہ Outback نے لی ہوئی ہے۔ یہ آسٹریلیا کا 70 فیصد ہے اور زیادہ تر آبادی کے قابل نہیں۔ گرمیوں میں سخت گرمی اور پانی کی کمیابی، طویل فاصلے جہاں پر سفر میں اگر مشکل پڑ جائے تو مدد ملنا ممکن نہیں۔
براعظم کو پار کرنے کی کوشش 1848 میں کی گئی۔ برسبین سے چلنے والے اس دستے کے قائد لڈوگ لیک ہارٹ تھے۔ ان کے ساتھ سات لوگ تھے جن میں دو مقامی ایب اوریجنل تھے۔ پچاس بیل گاڑیاں، بیس خچر، سات گھوڑے اور بہت سا ساز و سامان۔ یہ ٹیم غائب ہو گئی اور اس کا کبھی پتا نہیں لگا۔ آؤٹ بیک بہت سے راز چھپائے ہے جس میں سے ایک یہ کہ لیک ہارٹ کی ٹیم کہاں گئی۔
(جاری ہے)
Post Top Ad
Your Ad Spot
پیر، 6 نومبر، 2023
جغرافیہ کی طاقت (2) ۔ آسٹریلیا ۔ تنہا براعظم
Tags
Prisoners of Geography#
Share This
About Wahara Umbakar
Prisoners of Geography
لیبلز:
Prisoners of Geography
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
رابطہ فارم
Post Top Ad
Your Ad Spot
میرے بارے میں
علم کی تحریریں۔ مجھے امید ہے کہ میری یہ کاوش آپ سب کو پسند آئے گی اگر آپ نے میری اس کاوش سے کچھ سیکھا ہو یا آپ کے لئے یہ معلومات نئی ہوں تو اپنی رائے کا اظہار ضرور کیجیئے گا۔ شکریہ
۔
وہارا امباکر
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں