باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

پیر، 19 اگست، 2019

چوائس کا پیراڈوکس


ان چار الفاظ میں سے کونسا لفظ اچھا ہے۔ رکاوٹ، حد، بندش، انتخاب۔ امکان ہے کہ آپ نے انتخاب کا انتخاب کیا ہو گا۔ انتخاب اور آزادی جدید زندگی کے ایسے الفاظ ہیں جن کے اچھا ہونے پر کوئی سوال بھی نہیں اٹھاتا۔ لیکن ذرا احتیاط۔ ہر خوشنما چیز  ہمیشہ اچھی نہیں ہوتی۔

زیادہ تر لوگ اس جگہ سے خریداری کو ترجیح دیں گے جہاں پر دس طرح کی چاکلیٹ ہوں نہ کہ ایسی جگہ سے جہاں پر صرف دو طرح کے ہوں۔ ایسی کمپنی کے ذریعے انویسٹمنٹ کریں گے جو ان کو چوالیس فنڈز کا انتخاب دے، نہ کہ اس جگہ جہاں پر صرف چار طرح کے فنڈ ہوں۔

ہر تجربہ یہ بتاتا ہے کہ اگر انتخاب زیادہ چیزوں میں سے کرنا ہو تو نہ صرف انتخاب کرنا مشکل ہوتا ہے بلکہ اگر کر لیا جائے تو اس سے ہونے والی تسلی بھی کم ہوتی ہے۔ زیادہ انتخاب ہو تو آپ کی پرفیکشن کی توقع بڑھ جاتی ہے اور اس چیز کا امکان بھی کم ہو جاتا ہے کہ آپ نے بہترین چیز چنی ہو گی۔ اس کا نتیجہ اپنے انتخاب میں اعتماد کی کمی کی صورت میں نکلتا ہے اور بعد میں پچھتانے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

سائیکولوجسٹ بیری شوارٹز اس کو انتخاب کے تضاد کا پھندا کہتے ہیں۔ ہم ایسی صورتحال کو پسند کرتے ہیں جہاں پر ہمیں زیادہ چیزوں میں سے کسی کا انتخاب کرنا ہو۔ جبکہ ہماری یہ خواہش خود ہماری خوشی میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ لیکن شوارٹز اور ان کے ساتھوں نے یہ دریافت کیا ہے کہ دو الگ طرح کی شخصیات ہوتی ہیں۔ ایک وہ جن کو میکسیمائیزر کہا جاتا ہے۔ وہ جو ہر آپشن کا تجزیہ کریں گے، زیادہ معلومات اکٹھی کریں گے اور بہترین انتخاب کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری طرح کے لوگ جن کو سیٹزفائیزر کہا جاتا ہے، اتنا تردد نہں کریں گے۔ جب پہلی چیز ایسی نظر آئی جو ان کے معیار کے لحاظ سے ٹھیک ہے، وہاں پر رک جائیں گے۔

میکسیمائزر عام طور پر بہتر فیصلہ کرتے ہیں (یہ اس پر وقت لگائے جانے کا نتیجہ ہے) لیکن اپنے فیصلے سے کم مطمئن ہوتے ہیں اور اس پر افسوس کا شکار ہونے کا بھی زیادہ امکان ہے۔ ایسے لوگ ڈیپریشن اور بے چینی کا جلد شکار ہو جاتے ہیں۔

بڑا تضاد یہ ہے کہ اگرچہ میکسمائزر اپنے پیسے کا زیادہ بہتر استعمال کرتے ہیں لیکن یہ ان کے لئے یہ زیادہ خوشی کا باعث نہیں بنتا۔

جدید زندگی اس طرح کے تضادات، اس طرح پھندوں سے بھری پڑی ہے۔ مصنوعات بیچنے والے ان سے واقف ہیں۔ انہیں آپ کو نہیں، آپ کے اندر کے ہاتھی کو قائل کرنا ہے۔  انہیں پتا ہے کہ اس ہاتھی کو کیا چاہیے ۔۔۔۔۔۔۔۔ اور ہاں، اس ہاتھی کو آپ کی خوشی یا اطمینان سے سروکار نہیں۔

اس پر کتاب
The Paradox of Choice: Why Less is More: Barry Schwartz

اس پر بیری شوارٹز کی ٹیڈ ٹاک
https://www.ted.com/talks/barry_schwartz_on_the_paradox_of_choice




کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں