باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعرات، 6 ستمبر، 2018

خطرہ!



رات کے پچھلے پہر تاریک راستے سے آپ سوچوں میں گم چلے جا رہے ہیں۔ اچانک سامنے دیکھا تو ایک مشکوک شخص آپ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آپ کے دل کی دھڑکن تیز ہو گئی، پسینہ آنا شروع ہو گیا، منہ خشک ہو گیا، جو سوچ رہے تھے وہ بھول کر تمام توجہ اس مشکوک شخص کی طرف ہو گئی۔ ایسا کیوں؟ اس کے لئے اب جسم کے اندر چلتے ہیں۔
آپ کے دماغ کے ایک حصے امگڈالا نے خطرہ بھانپ کر ہائیپوتھیلیمس کو خطرے کا سگنل بھیجا۔ یہ بادام کے سائز کا کنٹرول سینٹر ہے جو امگڈالا کے اوپر ہے۔ یہ آپ کے جسم کے تمام اندرونی نظام کنٹرول کرتا ہے جس سے آپ شعوری طور پر بے خبر ہیں۔ ہائیپوتھیلیمس نے جسم کے اہم اعضاء کو برقی اور کیمیائی پیغامات بھیجنا شروع کر دئے۔ گردوں کے اوپر ایڈرنل گلینڈز کو اعصابی نظام کے ذریعے پیغام پہنچا، انہوں نے نورپائین فرین (نارایڈرينالین) اور ایپائنفرین (ایڈرلنالین) کا اخراج شروع کر دیا (اس کو ایڈرنالین بھی کہتے ہیں)۔ یہ ہارمون خون کے ذریعے دوسرے اعضاء تک گئے۔ دل تک؛ تا کہ یہ تیز دھڑکے۔ پھیپھڑوں تک؛ تا کہ ہوا کی نالی کھل جائے اور سانس تیز ہو جائے- ہڈیوں کے پٹھوں تک؛ تا کہ وہ سکڑ جائیں؛ جگر تک؛ تا کہ وہ زیادہ شوگر خارج کرے جس سے فوری توانائی کا ایک برسٹ ملے۔ پورے جسم کے سموتھ مسلز کے خلیوں تک، جن سے خون کی شریانیں سکڑ جائیں گی اور خون جلد، آنتوں اور گردوں میں کم جائے گا اور جلد کے بال کھڑے ہو جائیں گے۔ ہائیپوتھیلیمس نے ایک کیمیائی سگنل پچوٹری گلینڈ کو بھیجا جس نے اے سی ٹٰی ایچ ہارمون کا اخراج شروع کر دیا جو ایڈرنل گلینڈ کے ایک اور حصے تک پہنچا اور اس نے ایک اور کیمیکل کورٹیسول کا اخراج شروع کر دیا۔ اس سے بلڈ پریشر بڑھ جائے گا تا کہ پٹھوں کو جلد خون پہنچے۔
آپ کا جسم اس خطرے سے نمٹنے یا اس سے بھاگنے کے لئے بالکل تیار ہے۔ تمام کام روک کر جو اس خطرے کو نپنٹے کے لئے فوری طور پر درکار نہیں۔ اب چاہے آپ اس کا مقابلہ کریں یا پھر دوڑ لگا دیں، آپ میں اضافی توانائی موجود ہے اور جو کام آپ عام حالت میں نہیں کر سکتے تھے، اس ہائیپرارؤزل حالت میں کر سکیں گے۔ نہ صرف خطرے میں بلکہ غصے میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ اسی لئے خطرے اور غصے میں کئے گئے فیصلے طویل مدتی نتائج کی پرواہ کے بغیر کئے جاتے ہیں۔
لیکن جہاں پر یہ سٹریس ہارمون اس فوری خطرے میں آپ کے ساتھی ہیں، وہاں یہ اگر مسلسل زیادہ رہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے جسم کے نظام ٹھیک طریقے سے نہیں چل سکیں گے اور اس کا نتیجہ نئی چیزیں سیکھنے میں رکاوٹ، یادداشت میں کمی، دفاعی نظام میں کمزوری، معدے کی خرابی، بلڈ پریشر اور کولسٹرول میں اضافہ اور ڈیپریشن جیسی چیزوں میں نکلتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ مار پیٹ کا ماحول بچوں کے سیکھنے میں رکاوٹ بنتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عام زندگی میں سٹریس کا مثبت رویے سے سامنا اور غصے پر قابو ہماری اپنی زندگی کے لئے اہم ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں