باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعہ، 7 ستمبر، 2018

چنگیز خان - اکیسویں صدی میں


میرے سر پر ٹوپی ہے۔ ٹوپی کے اوپر آسمان۔ میں منگول ہوں۔
-منگول کہاوت
دنیا کی تاریخ کی آج تک کی سب سے بڑی سلطنت تیرہویں صدی کی منگول سلطنت تھی۔ آج کا منگولیا ایک پسماندہ ملک ہے جس کا رقبہ پاکستان سے دگنا ہے لیکن آبادی کم۔ کمیونسٹ حکومت کے خاتمے کے بعد یہاں پر پہلی بار پچیس سال پہلے جمہوریت آئی تھی۔ کمیونسٹ دور کے ستر سالوں میں جن چیزوں پر یہاں پر پابندی تھی، ان میں سے ایک چنگیز خان کا نام تھا۔ اس نام کو اور اس سے منسلک کسی بھی شے کو اس ملک سے مٹا دیا گیا تھا۔ اس دور کے خاتمے کے بعد بیسویں صدی کے آخر میں آہستہ آہستہ اس ملک میں رہنے والوں کو اپنی تاریخ کے اس دور کا علم ہونا شروع ہوا تھا۔
لیکن اگر آج اگر منگولیا جائیں تو چنگیز خان ائیرپورٹ پر لینڈ کریں گے، کرنسی نوٹوں پر تصویر ملے گی، چنگیز خان کے نام سے مشروبات، چاکلیٹ، ٹافیاں، ریسٹورنٹ، ہوٹل، سڑکیں، سکول اور کالج ہیں۔ شہر میں چنگیز خان کے کئی اونچے مجسمے جن میں سے ایک سو فٹ سے زیادہ بلند ہے، سرکاری بلڈنگز میں تصاویر اور تاریخ کی کتابوں میں اب منگولیا کے سنہری دور کا اضافہ ہو چکا ہے۔
کھوپڑیوں کے مینار بنا دینے والے, دہشت اور قتل و غارت کی داستانیں رقم کرنے والے اس فاتح کو یہاں پر اس کے کردار کے دوسرے رخ کے حوالے سے جانا جاتا ہے جو مذہبی رواداری قائم کرنے والا، مساوات رکھنے والا، تجارت کے راستے کھولنے والا، منگولیا کے خانہ بدوشوں کو اکٹھا کر کے عالمی طاقت بنا دینا والا عظیم جنگی ہیرو تھا۔ چنگیز خان نے اپنی زندگی میں نہ کوئی یادگاریں چھوڑیں، نہ عمارتیں۔ اپنی قبر کا نشان تک مٹوا دیا، لیکن یہ سب کچھ اور ستر برسوں تک کی جانے والی مسلسل کوشش بھی یہ نام یہاں سے نہیں مٹا سکی۔ تیرہویں صدی کے اس فاتح کی شناخت اب یہاں پر 'قوم کے باپ' اور 'قومی ہیرو' کے طور پر ہے۔ 12 نومبر کو منگولیا میں یومِ چنگیز خان کی عام تعطیل ہوتی ہے۔



1 تبصرہ:

  1. چنگیز خان دنیا کا دشمن تو ہو نہ ہو اپنے لوگوں اپنے آبائی ملک کے لئے اس کے کارنامے بہرحال قابل قدر ہیں کہ جس نے اجڈ اور جاہل منگولوں کو دنیا کے مالک بنا دیا.لیکن اس کا نام کمیونسٹ منگولیا نے کیوں مٹانے کی کوشش کی اس کی کیا وجہ تھی.مقامی لوگوں نے جنکا یہ ہیرو تھا اس کے خلاف احتجاج نہیں کیا.نیز اس تحریر کے مطابق اب منگولیا کے سنہرے دور کا آغاز ہو چکا ہے اس ملک کی خاص تجارتی پروڈکٹ کے بارے میں بھی کچھ معلومات دیں.جو اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہو.میں نے اس ملک کی سیاحت کی صنعت کے بارے میں سنا ہے کہ کافی فعال ہے؟

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں