باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

منگل، 7 ستمبر، 2021

پانی (9) ۔ پانی اور توانائی


ہر کوئی جانتا ہے کہ خوراک کے لئے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن یہ بات اتنی واضح نہیں ہوتی کہ پانی کے لئے کتنی توانائی درکار ہے۔ (اس کو پمپ کرنے، حرکت دینے، صاف کرنے وغیرہ پر)۔ اور جو بات کم ہی کوئی نوٹ کرتا ہے، وہ یہ کہ توانائی کے لئے کس قدر پانی درکار ہوتا ہے۔ پانی اور توانائی ۔۔ عاشقوں کے جوڑے کے طرح ایک دوسرے سے الجھے ہوئے ہیں۔ پانی کے ذرائع پر پریشر کوئلے، تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر پر پریشر ڈالتا ہے۔
پاور پلانٹ ۔۔۔ خواہ کوئلے پر چلیں، گیس، یورینیم، بائیو ماس، کچرے یا کسی بھی طرح ۔۔۔ کم از کم دو اہم طریقے سے پانی استعمال کرتے ہیں۔ بھاپ بنانے کے لئے جو ٹربائین چلا کر بجلی پیدا کرے۔ اور دوسرا اضافی حرارت کو تلف کرنے کے لئے۔ توانائی کے سیکٹر میں پانی کی سب سے زیادہ ضرورت پاور پلانٹ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے ہے۔ کئی ممالک میں توانائی کے لئے استعمال ہونے والا پانی زراعت کے استعمال سے بھی زیادہ ہے۔
کتنا پانی درکار ہو گا؟ اس کا انحصار ایندھن پر ہے اور پلانٹ کے ڈیزائن پر بھی (آیا پانی ری سائیکل ہو گا یا ٹھنڈا کرنے کے آلات کس طرح کے ہیں)۔ لیکن تمام معاملات میں پانی کی بہت ضرورت ہے۔ ایندھن سے زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔ اس وجہ سے ان پلانٹس کو پانی کے قریب بنایا جاتا ہے۔ کوئلے کی کان سے سینکڑوں میل دور کوئلے سے بجلی بنانے والا پلانٹ دریا کے قریب لگانا زیادہ سستا پڑتا ہے۔ کیونکہ کوئلے کو یہاں تک لانا آسان ہے بہ نسبت پانی کو اتنا ہی فاصلہ طے کروا کر دوسری سمت میں لے جانے کا۔
پاور پلانٹ پانی کی سپلائی کو دو طرح سے کاٹتے ہیں۔ مقدار سے بھی اور معیار سے بھی۔ جو پانی دریا میں واپس ڈالا جاتا ہے، وہ نکالے جانے والے پانی سے گرم ہوتا ہے۔ کئی بار یہ فرق پچیس ڈگری تک کا بھی ہوتا ہے۔ اگر تو یہ سمندر میں ڈالا جائے تو خاص فرق نہیں پڑتا۔ لیکن کسی دریا یا جھیل میں ایسا کرنا آبی ایکوسسٹم کو متاثر کرتا ہے۔ گرم پانی میں حل شدہ آکسیجن کم ہوتی ہے۔ یہ مچھلی کے تیرنے کی رفتار کم کرتا ہے اور ان کی افزائشِ نسل کو متاثر کرتا ہے۔
دوسرا مسئلہ پانی کا نقصان ہے۔ زیادہ تر پلانٹ گیلے کولنگ ٹاور استعمال کرتے ہیں۔ ان سے پانی کی تبخیر ہوتی ہے اور یہ فضا میں بخارات کی صورت میں جاتا ہے۔ اسی طریقے سے جیسے پسینہ ہمیں ٹھنڈا کرتا ہے۔ یہ بہت زیادہ مقدار نہ ہو لیکن جن علاقوں میں پانی کی قلت ہو، وہاں پر مسئلہ ہو سکتا ہے اور بہت خشک علاقوں میں یہ مشکل ہوتا ہے کہ گارنٹی کیا جا سکے کہ ٹھنڈا کرنے کے لئے اتنا پانی دستیاب بھی ہو گا۔
اگر ایک عام گھر سالانہ بیس میگاواٹ خرچ کر رہا ہے جو نیوکلئیر پلانٹ سے آ رہے ہیں تو اس کا مطلب سولہ ہزار گیلن پانی کا بخارات میں بدل جانے کا استعمال ہے۔ کوئلے کی صورت میں دس ہزار گیلن جبکہ کمبائنڈ سائیکل گیس پلانٹ میں چار ہزار گیلن۔
اس حوالے سے ہائیڈروپاور میں پانی کا استعمال نیوکلئیر سے زیادہ ہے لیکن سب سے استعمال بائیوفیول میں ہے۔ جبکہ ہوا یا سورج سے فوٹووولٹیک طریقے سے بجلی بنانے میں پانی کا استعمال بہت کم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پانی اور توانائی کا یہ تعلق دوسری طرف بھی کام کرتا ہے۔ گھر تک صاف پانی پہنچانے کے ہر قدیم پر توانائی کی ضرورت ہے۔ اس کی فینکس (Phoenix) کے شہر میں پیمائش کی گئی۔ ایک اوسط شہری گھر میں پانی پہنچانے کے لئے سالانہ دو میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے۔ یہ اس گھر میں استعمال ہونے والی بجلی کا دس فیصد ہے۔ اس شہر کے قریب کولاریڈو دریا سے پانی پمپ کرنا اور اسے شہر تک پہنچانا۔ اس کی صفائی اور پریشر کے ساتھ گھر تک پہنچانا۔ پانی کے بل میں تقریباً تمام قیمت اس بجلی کی ہے۔
بجلی کے لئے پانی کی ضرورت ہے اور صاف پانی کے لئے بجلی کی۔ اس تعلق کو عام طور پر ٹھیک سمجھا نہیں جاتا۔ زیادہ بری بات یہ ہے کہ نہ صرف عام لوگ بلکہ پالیسی ساز اور پلاننگ کرنے والے بھی اس کو ٹھیک طرح سے نہیں سمجھتے۔ سستا پانی اور سستی توانائی کی دستیابی کم ہونے کے ساتھ یہ تعلق منظرِ عام پر زیادہ آنے لگے گا۔
(جاری ہے)




کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں