باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

ہفتہ، 1 جون، 2024

پرچم (2) - معنی


جھنڈا تاریخ میں بہت پرانی ایجاد نہیں ہے۔ جھنڈوں سے قبل قومی علامتیں اور نشان رائج رہے تھے۔ قدیم مصری، اسیریائی اور رومی بھی کپڑے پر علامتیں رنگ کر استعمال کرتے تھے۔ لیکن چین میں ہونے والی ریشم کی ایجاد نے موجودہ طرز کے جھنڈے ممکن بنائے۔ روایتی کپڑا بھاری ہوتا تھا اور اسے اٹھانا، کھولنا اور اس کا پھڑپھڑانا اس کا وزن مشکل کر دیتا تھا۔ ریشم کے جھنڈے بہت ہلکے تھے اور افواج انہیں اٹھا کر میدان جنگ لے جا سکتی تھیں۔
یہ نیا کپڑا اور رواج شاہراہ ریشم کے ساتھ ساتھ پھیلا۔ عربوں نے اسے پہلے اپنایا اور پھر یورپیوں نے صلیبی جنگوں میں انہیں دیکھا اور ان کا استعمال کرنے لگے۔ جھنڈے فوج کی شناخت کے کام آتے تھے۔ یہاں سے یہ فوج سے بادشاہت اور پھر قومی ریاست کی شناخت بنے۔
آج ہر قوم اپنا جھنڈا رکھتی ہے۔ یورپ سے شروع ہونے والی قومی ریاست کا آئیڈیا دنیا بھر میں پھیلا اور ساتھ ہی جھنڈا بھی۔
لیکن قوم کے لئے جھنڈے کے معنی کیا ہیں؟ یہ ایک قوم کو مشترک خیالات، مقاصد، تاریخ اور عقائد کے ساتھ باندھنے کی کوشش کا کام کرتا ہے۔ اگرچہ یہ خود میں تقریباً ناممکن کام ہے لیکن جب جذباتی ماحول ہو، دشمن کا غلغلہ ہو، اس وقت اپنی علامت تلے اکٹھے ہونا آسان ہو جاتا ہے۔ یہ ہماری روایتی قبائلیت پسندی اور شناخت کی امنگ کو پورا کرتے ہیں۔ اور خاص طور پر “ہم” بمقابلہ “وہ” کی صورت میں بہت اہم ہیں۔ روایتی طور پر یہ تنازعے اور جنگ میں مدد کرتے رہے ہیں جبکہ جدید دنیا میں تنازعے کو کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہیں اتحاد، امن، یکجہتی اور برابری کے علامتی معنی پہنائے جاتے ہیں۔
علامات بہت طاقت رکھتی ہیں۔ اور خاص طور پر ہمارے جذباتی مرکز کے لئے۔ جھنڈے نہ صرف قومی ریاستیں استعمال کرتی ہیں بلکہ بہت سی تحریکیں بھی۔ نازی سے لے کر دولت اسلامیہ تک، غیرریاستی تحریکیں اپنے جھنڈے رکھتی ہیں، سیاسی جماعتیں، نظریاتی تحریکیں اور کمرشل تنظیمیں بھی اس کو اوزار کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگرچہ سینکڑوں اہم جھنڈے ہیں لیکن اس سیریز میں ان میں سے چند کی دلچسپ تاریخ ہو گی۔ بہت سے جھنڈوں میں اصل معنی مدہم ہو چکے ہیں اور نئے معنی لئے جا چکے ہیں۔ اور یہی دراصل جھنڈے کے معنی ہیں۔ اس کے معنی دیکھنے والے کی آنکھ میں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنڈا خوف، امن اور اتحاد کا پیغام دینا ہے۔ ہم انہیں لہراتے ہیں، جلاتے ہیں ۔۔ پارلیمان، محلات، گھروں اور دکانوں میں انہیں آویزاں کرتے ہیں۔ یہ طاقت کی سیاست سے عوام کی طاقت تک کی علامت بنتے ہیں۔
آج کی دنیا میں ہم اس دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں شناخت کی سیاست اہم ہو گئی ہے۔ مقامی، علاقائی، قومی، نسلی اور مذہبی بنیادوں پر شناخت کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ طوفانی رفتار سے تبدیل ہوتی دنیا میں ہمیں نظریاتی لنگر درکار ہوتے ہیں اور یہ اس میں مدد کرتے ہیں۔
اور یہ اتنی طاقتور علامت ہیں اور ہماری جذبات کی اس قدر اچھے طریقے سے تجسیم کرتے ہیں کہ کئی بار ہم اس رنگدار کپڑے کو لے کر برستی گولیوں کی بوچھاڑ میں کود پڑنے کو تیار ہوتے ہیں۔ اور یہ جس چیز کی علامت ہے، اس کیلئے جان دینے سے نہیں گھبراتے۔
(جاری ہے)



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں