اگر کوئی سوال سمجھنے کے لئے نہ کیا جائے اور مقصد کچھ اور ہو تو آسان ترین سوال کا بھی تسلی بخش جواب کسی کے لئے بھی دینا ناممکن ہے۔ سوالات اگر سمجھنے کے لئے کئے جائیں تو پھر اچھا سوال علم میں اضافہ کرتا ہے ورنہ پھر کوئی بھی گفتگو وقت کا ضیاع ہے۔ اگر آپ یہ واضح نہیں کر سکتے کہ آپ آخر کیا سمجھنے کو تیار ہیں اور مشترکہ فریم ورک کیا ہے جس سے آپ کی تسلی ہو جائےتو پھر کوئی بھی بات بے کار ہے۔ مندرجہ ذیل فرضی مکالمہ رچرڈ فائن مین کے پروگرام سے اقتباس ہے۔
پھوپھو ہسپتال میں کیوں ہیں؟
وہ برف ہر پھسل کر گر گئی تھیں اور ٹانگ میں فریکچر ہو گیا تھا۔
لیکن ہسپتال میں ہی کیوں۔ یہ تو گھر میں بھی ٹھیک ہو سکتا تھا؟
کیونکہ وہاں پر اس کا علاج بہتر ہوتا ہے۔
لیکن اگر ہڈی ٹوٹ گئی تھی وہ وہاں تک کیسے پہنچیں؟
پھوپھا ان کو لے کر گئے تھے۔
پھوپھا کیوں لے کر گئے؟
وہ ان کو تندرست دیکھنا چاہتے ہیں۔
لیکن کئی شوہر تو ایسا نہیں چاہتے۔ پھوپھا کو آخر کیا پڑی تھی؟
پھوپھا اپنی بیوی سے محبت کرتے ہیں
لیکن وہ آخر پھسلی ہی کیوں؟
برف پھسلنی ہوتی ہے، اس لئے۔
لیکن ٹھوس چیزیں تو اس طرح پھسلنی نہیں ہوتیں، برف کیوں؟
جب برف پر کھڑے ہوتے ہیں، تو وہ پریشر کی وجہ سے کچھ دیر کو پگھلتی ہے جس کی وجہ سے اس کی فرکشن کم ہے۔
لیکن باقی چیزوں کے ساتھ ایسا کیوں نہیں؟
اس کی وجہ یہ کہ برف کا حجم پانی سے زیادہ ہے اور قوت لگانے پر یہ کم حجم والی حالت میں جانے کی کوشش کرتی ہے۔
لیکن برف ہی کیوں پھیلتی ہے؟
اس کی وجہ ہائیڈروجن بانڈنگ ہے۔
لیکن وہ پھوپھو نیچے ہی کیوں گریں؟
گریویٹی کی وجہ سے۔ وہی قوت جس سے زمین سورج سے اور چاند زمین سے بندھا ہے، اسی کی وجہ سے پھوپھو نیچے گریں بجائے اس کے کہ وہ فضا میں معلق ہو جاتیں۔
اب اس طریقے سے آگے چلتے چلے جائیں۔ اگر آپ کا مقصد مخاطب کو زچ کرنا ہے یا سمجھنے سے انکار کرنا یا پھر کھینچ کر اپنے جواب تک لے جانے کو کوشش کرنا تو پھر کوئی بھی آپ کو پھوپھو کے ہسپتال جانے کی وجہ بھی نہیں سمجھا سکتا۔ (اور اگر آپ کا مقصد بے کار مباحث کرنا اور آخر میں اپنی فتح کا اعلان کرنا ہے تو سوالات کا اس قسم کا سلسلہ اس کے لئے آسان شارٹ کٹ ہے)۔
فائن مین کی اصل ویڈیو یہاں سے۔ ضرور دیکھئے۔ یہ اس مختصر پوسٹ سے کہیں زیادہ دلچسپ، گہری اور زیادہ مطلب لئے ہوئے ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=36GT2zI8lVA
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں