باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعرات، 6 ستمبر، 2018

دو رنگی دنیا


کچھ حقائق جن پر سائنس دانوں کا عمومی اتفاق ہے۔ صرف ساتھ اکٹھا ملا کر پڑھنے میں شاید زیادہ مزا آئے۔
پہلا رخ۔ ہم الیکٹران، فوٹون، کوارک اور گلیون کے مجموعہ ہیں اور ان کی ایک وقت میں ترتیب سے زیادہ کچھ نہیں، یہ سب ذرات فزکس کے اصولوں کے تابع ہیں جن کی خلاف ورزی ان کے لئے ممکن نہیں۔
دوسرا رخ۔ ہم فری ول (آزاد مرضی) رکھتے ہیں اور اپنے اعمال کے خود ذمہ دار ہیں۔
پہلا رخ۔ ہم کسی بھی قسم کی دوسری زندگی سے کسی طرح مختلف یا منفرد نہیں۔ نہ حال میں اور نہ ہی تاریخ کے اعتبار سے۔ نہ ہی ہمارا دماغ سب سے بڑا ہے اور نہ ہی ڈی این اے سب سے پیچیدہ۔ نہ ہی ہم سائز میں زیادہ اور نہ ہی ماحول کی تبدیلی سے ایڈجسٹ ہونے میں ہمیں کوئی برتری حاصل ہے۔
دوسرا رخ۔ ہم سب سے ممتاز ہیں۔ ہم ان رازوں کو کھول رہے ہیں جو ہماری حسیات کی پہنچ سے بھی کہیں آگے ہیں۔ کائنات کے ایک ناقابل ذکر مقام میں مقید نہ صرف اس کائنات کو فاصلوں اور وقت کی وسعتوں میں بھی جان رہے ہیں بلکہ ان چھوٹی سے چھوٹی چیزوں کو اور ان کے اصولوں کو بھی جن پر یہ کھڑی ہے۔
پہلا رخ۔ کائنات میں ہر طرف ہنگامہ ہے۔ اجرام فلکی ایک دوسرے سے ہر وقت ٹکرا رہے ہیں۔ ستارے پھٹ کر بکھر رہے ہیں۔ ہر لحظہ ہر طرف موت، دہشت اور ہنگامے کا سماں ہے۔
دوسرا رخ۔ کائنات خوبصورتی کے اصولوں پر کھڑی ہے۔ وہ خوبصورتی جسے ہم اعلی ترین آرٹ میں سراہتے ہیں۔
پہلا رخ۔ کوئی بھی چیز جو معنی رکھتی ہے، اس کو فنا ہے۔ ہم خود، ہمارا گھر، یہ زمین، سورج، کہکشائیں، کچھ باقی نہیں رہے گا۔
دوسرا رخ۔ کچھ فنا نہیں ہو سکتا۔
پہلا رخ۔ اس زمین، زندگی اور دوسرے انسانوں کے لئے سب سے خطرناک نوع انسان ہے۔
دوسرا رخ۔ اس زمین، زندگی اور دوسرے انسانوں کے لئے فکر رکھنے والی، کچھ کرنے والی اور قدرتی آفات اور حادثات سے سب کو بچانے کی صلاحیت رکھنے والی نوع انسان ہے۔
پہلا رخ۔ ہر شے نے تبدیل ہونا ہے اور یہ تبدیلی مسلسل اور کبھی نہ رکنے والی ہے
دوسرا رخ۔ جن اصولوں کے تحت تبدیلی ہے، ان اصولوں کو ثبات ہے
پہلا رخ۔ آپ میں اور اربوں دوسرے انسانوں میں کوئی فرق نہیں۔ وہی زندگی کا نظام، وہی دماغ اور دوسرے اعضاء، زندگی کا وہی آرکیٹیکچر جو سب میں مشترک ہے۔ آپ کے اپنے اندر تمام عمر نئے خلیے بن رہے ہیں، مر رہے ہیں اور بدل رہے ہیں۔ آپ ہر روز تبدیل ہو رہے ہیں۔
دوسرا رخ۔ آپ کے انگلیوں یا زبان کے نشان ہوں، آنکھ یا پھر دماغ کا سٹرکچر، صرف آپ سے ہی خاص ہے۔ آپ کی انفرادیت کا دستخط آپ کے جسم کے ایک ایک خلیے میں موجود ہے۔ آپ جیسا نہ پہلے کبھی آیا اور نہ ہی آئندہ کبھی آئے گا۔
اس دنیا کا سب سے بڑا جادو یہ ہے کہ اس میں کوئی جادو نہیں۔
آپ میں سب سے خاص چیز یہ ہے کہ آپ میں کچھ خاص نہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں