باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعرات، 6 ستمبر، 2018

امکانات کی دنیا اور قوموں کی تقدیر


کرکٹ کے میچ کا پہلا اوور۔ فاسٹ بولر نے تیزرفتار گیند پھینکی۔ گیند نے بلے کا باہری کنارہ لیا۔ وکٹ کیپر نے گیند کی طرف جست لگانا شروع کی۔ اس تصویر کو اب اسی فریم میں روک دیتے ہیں۔ کیا اسے دیکھ کر یہ جانا جا سکتا ہے کہ یہ کیچ پکڑ لیا جائے گا؟
ہم گیند کے بلے سے ٹکرا کر مڑنے کا زاویہ اور اس کی رفتار نکال سکتے ہیں۔ اس سے پتہ لگ جائے گا کہ گیند کس تیزی سے کس سمت کو جائے گی اور یہ کیچ کس قدر مشکل ہے۔ پھر اس کی مدد سے یہ کہ اتنے مشکل کیچ پکڑے جانے کا امکان کتنا ہے۔

لیکن پھر ایک اور ویری ایبل ہے، وہ ہے وکٹ کیپر۔ اس کی مہارت، برسوں کی پریکٹس، اس موقع پر وہ کتنا چاق و چوبند اور تیار تھا۔ اس فیکٹر سے امکان کا ایک اور عدد نکلے گا۔
ان سب کو ملا کر ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ اگرچہ یہ مشکل کیچ ہے لیکن وکٹ کیپر کی وجہ سے نوے فیصد امکان یہ ہے کہ اوپنر صفر پر ہی پویلین لوٹ جائے گا۔
اب اس رکی تصویر کو پھر چلا دیتے ہیں۔ یہ تو معلوم نہیں کہ کیچ پکڑا گیا یا نہیں لیکن ہماری دنیا ایسے ہی چلتی ہے۔ نکما وکٹ کیپر بھی شاید کیچ پکڑ لے یا پھر ماہر وکٹ کیپر اسے گرا دے یا پھر کسی کے پاس پورے میچ میں کوئی موقع ہی نہ آئے۔ اس کہانی میں ہمارا اپنا پورا کنٹرول اپنے حق میں امکان کو زیادہ کر لینے پر ہے۔ زیادہ محنت کرنے والی اور زیادہ مہارت رکھنے والی ٹیم اس امکان کو اپنے حق میں کر لیتی ہے۔ کمزور ٹیم پر اسے یہی برتری حاصل ہے۔
اسی اصول کو اب ہم اس میچ سے نکل کر عام زندگی میں دیکھتے ہیں۔ سگریٹ کی عادت پھیپھڑوں کے کینسر کے امکان میں بہت اضافہ کر دیتی ہے۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ ایک چین سموکر اس سے محفوظ رہ جائے اور کبھی ہاتھ نہ لگانے والا اس کا شکار ہو جائے۔ تعلیم لینے سے ضروری نہیں زندگی میں معاشی استحکام ملے لیکن امکان زیادہ ہے۔ صحت مند طرز زندگیِ رکھنے والا بھی شاید لمبی زندگی نہ پا سکے لیکن اس کا امکان زیادہ ہے۔ جب ہم شماریات کا لاء آف لارج نمبرز دیکھیں تو جس گروہ کے افراد اپنی کامیابی کے امکانات بڑھانے پر توجہ دیں، وہ گروہ زیادہ کامیاب ہو گا۔ سگریٹ کی عادت رکھنے والے گروہ میں کینسر زیادہ ہو گا۔ تعلیم لینے والا گروہ معاشی طور پر مستحکم ہو گا اور صحت مند طرزِ زندگی رکھنے والوں کی اوسط عمر زیادہ ہو گی۔
یہی پھر قوموں کی کامیابی کا اصول ہے۔ جو قومیں کامیابی کے امکان بڑھانے کا کلچر اپناتی ہیں، وہی بالآخر دنیا میں آگے نکلتی ہیں۔ برسوں کی محنت سے کامیابی کے امکان میں چند فیصد اضافہ شاید شروع میں نظر نہ آئے لیکن لمبے عرصے میں یہی چند فیصد کچھ بھی حاصل کر سکنے کا اصل فرق ہیں۔
پرابیبلٹی تھیوری کے اس قانون کے بارے میں
https://en.wikipedia.org/wiki/Law_of_large_numbers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں