آپ نے سب سے زیادہ پرفیکٹ گولائی کس میں دیکھی؟ مالٹا؟ فٹ بال؟ بنٹا؟ سنوکر کا گیند؟ گلاب جامن؟
اور آپ نے سب سے زیادہ سموتھ کونسی چیز دیکھی؟ برف؟ سیب؟ ناخن؟ آئینہ؟ دھاتی سطح؟ برفی؟
ان سب سے زیادہ پرفیکٹ گولائی میں اور سموتھ وہ شے ہے جس پر آپ اس وقت موجود ہیں۔ یہ ہماری زمین ہے۔
لیکن ایک منٹ ٹھہریں۔ کیا زمین واقعی پرفیکٹ گولائی میں ہے؟ یا تقریباً گول ہے؟ زمین قطبین کی نسبت خطِ استوا پر تھوڑی سی پھیلی ہوئی ہے۔ اس کی وجہ اس کی محوری گردش ہے۔ لیکن یہ ابھار اس قدر کم ہے کہ زمین کی کھینچی گئی کسی تصویر میں اس فرق کا انسانی آنکھ سے مشاہدہ نہیں کیا جا سکتا۔ نظامِ شمسی میں زحل واحد سیارہ ہے جس کا یہ ابھار اتنا ہے کہ اس کو تصویر میں بغور دیکھنے پر یہ مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
نہ صرف زمین پرفیکٹ سفئیر ہے بلکہ اس سے زیادہ جتنا عام خیال کیا جاتا ہے۔ خطِ استوا پر یہ قطبین کے مقابلے میں کچھ ابھری ہوئی ہے لیکن یہ صرف 42 کلومیٹر کا فرق ہے جو 12742 کلومیٹر کے مقابلے میں ناقابلِ ذکر ہے۔ اور اس سے زیادہ یہ کہ زمین کی سطح مضحکہ خیز حد تک بالکل سموتھ ہے۔ سب سے اونچی جگہ ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی اور سب سے گہری جگہ ماریانا ٹرینچ کی گہرائی میں آپس کا فرق بیس کلومیٹر سے بھی کم ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کہیں کہ یہ تو بہت ہے۔ نہیں، بالکل بھی نہیں۔ یہ صرف انسان کے مقابلے میں زیادہ لگتا ہے۔
اگلا فقرہ شاید آپ کو دو بار پڑھنا پڑے۔ اپنے تمام نشیب و فراز کے باوجود زمین کی سطح انسان کی بنائی کسی بھی شے کے مقابلے میں زیادہ سموتھ ہے۔ کسی بھی انتہائی سموتھ مصنوعی شے کو لیں، جو پرفیکٹ سفئیر شکل میں بنائی گئی ہو، اور اسے اتنا بڑا کیا جائے جتنی زمین ہے تو اس کے نشیب و فراز زمین کے مقابلے میں بہت، بہت اور بہت ہی بڑے ہوں گے۔ اور اپنے ابھار کے باوجود کسی بھی شے کی شکل اتنی پرفیکٹ گولائی میں نہیں ہو گی۔ کسی بھی مصنوعی چیز کے مقابلے میں زمین انتہائی سموتھ اور پرفیکٹ سفئیر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب اگلا سوال۔ کائنات میں سب سے پرفیکٹ سفئیر کونسی شے ہے؟ چونکہ زمین کی گولائی کی وجہ گریویٹی ہے، اس لئے منطقی نتیجہ یہ ہے کہ پرفیکٹ ترین گولائی کا تعلق گریویٹی سے ہو گا۔ یہ جتنی مضبوط ہو گی۔ جسم اتنی پرفیکٹ گولائی میں ہو گا۔ اور ایسے اجسام نیوٹرون سٹار ہیں۔ یہ بہت ہی بڑے ستاروں کے منہدم ہونے سے بنتے ہیں۔ تیزی سے گھومتی گیند جن میں مادہ عجیب حالت میں ہوتا ہے۔ ان میں مادہ نیوکلیائی سویوں (nuclear pasta) کی حالت میں ہوتا ہے۔ سائنسدان مادے کی اس حالت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔ یہ کثیف ترین آبجیکٹ ہیں۔ ہمیں کاسموس میں ان سے زیادہ پرفیکٹ گولائی میں اور سموتھ کسی اور شے کا علم نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیکن اب ہم واپس چھوٹی سمت کی طرف جاتے ہیں۔ بلبلے کی گولائی ہو یا قطرے کی۔ ان کی گولائی کی وجہ بھی کچھ جیومیٹری میں فورسز کا توازن ہی ہے۔ یہاں پر فورس گریویٹی نہیں، سطحی ٹینشن ہے۔
اور جب ہم چھوٹی سطح پر جائیں تو پھر ہمیں گولائی نظر آنے لگتی ہے۔ سائنسی کمیونیٹی میں اس پر بحث جاری ہے کہ پروٹون کی جیومیٹری کیا سفئیر ہے یا پھر ڈونٹ کی شکل ہے؟ ایسی بحث ایک بار پہلے بھی تھی جو الیکٹرون کے بارے میں تھی۔ کافی دیر تک یہ سمجھا جاتا رہا تھا کہ الیکٹرون پچکے ہوئی سفئیرائیڈ ہیں لیکن نئے تجربات (جنہیں دس سال لگے) یہ دکھاتے ہیں کہ یہ انتہائی پرفیکٹ سفئیر ہیں۔ شاید سب سے زیادہ پرفیکٹ گول۔ اتنے زیادہ کہ اگر ان کو بڑا کر کے زمین کے برابر کر لیا جائے تو گولائی میں زیادہ سے زیادہ فرق اتنا ہو گا جتنا انسانی بال کی موٹائی۔ یہ خبر فزکس میں سٹینڈرڈ ماڈل سے آگے بڑھنے یا سپرسمٹری کی امید رکھنے والوں کیلئے بری خبر تھی، کیونکہ سفئیریکل جیومیٹری سٹینڈرڈ ماڈل کی پیشگوئی تھی)۔
یہ تو خیر سائنسدانوں کا دردِ سر ہے۔ ہمارے لئے: چھوٹے الیکٹرون سے زمین تک، سورج سے بڑے نیوٹرون سٹار تک ۔۔ نہ آلو، نہ برفی، نہ انڈا، نہ ڈونٹ، سب گلاب جامن کی طرح ہے ۔۔۔ سب کچھ ہی بالکل پرفیکٹ گول ہے۔
الیکٹرون کی جیومیٹری پر
https://www.nature.com/articles/nature10104
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں