باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

ہفتہ، 21 اکتوبر، 2023

جغرافیہ کے قیدی (65) ۔ لاطینی امریکہ ۔ منشیات


میکسیکو کی سرھد ہمیشہ سے سمگلروں کے لئے پرکشش رہی ہے۔ اور خاص طور پر اکیسویں صدی میں۔ اس کی وجہ یہاں سے ڈیڑھ ہزار میل جنوب کے علاقے میں امریکہ کی پالیسی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امریکہ صدر نکسن نے 1970 کی دہائی میں منشیات کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا۔ اکیسویں صدی میں دہشت کے خلاف جنگ کی طرف یہ بھی ایک بلندوبانگ لیکن غیرواضح تصور تھا جس میں فتح کا کوئی خاص مطلب نہیں تھا۔ لیکن اس میں بڑا موڑ اس وقت آیا جب سرد جنگ ختم ہوئی۔ سرد جنگ کے وقت میں امریکہ کی دلچسپی نظریاتی دوست اکٹھے کرنا تھا۔ کمیونزم کی شکست کے بعد یہ مسئلہ ختم ہو گیا۔ اور 1990 کی دہائی میں امریکی حکومت نے براہ راست منشیات فروشوں کے کارٹیل کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کولمبیا اس کا گڑھ تھا۔ اور امریکہ نے کولمبیا کی حکومت کے ساتھ ملکر آپریشن کئے جس میں کامیابی سے ہوائی اور سمندری راستوں کو بند کر دیا گیا۔
منشیات فروشوں نے اس کا جواب زمینی راستے سے دیا۔ یہ جنوب سے وسطی امریکہ اور میکسیکو سے ہوتا ہوا امریکہ کے جنوب مغرب تک پہنچتا ہے۔ اس راستے کو بنانے اور کھلا رکھنے میں میکسیکو کے گینگ سرگرم عمل ہو گئے۔  پان امریکن ہائی وے براعظم کو شمال سے لے کر جنوب تک ملاتی ہے۔ اور اہم تجارتی شاہراہ ہے۔ منشیات بھی اسی پر دوڑتی بھاگتی ہیں۔ اربوں ڈالر کی اس صنعت سے کمانے کو پیسہ بہت تھا۔ اس نے مقامی گینگ کے ایک دوسرے سے جھگڑے شروع کر دیے۔ جیتنے والوں کے پاس پیسہ اور طاقت آئے۔ اس پیسے کو پولیس اور فوج کو کرپٹ کرنے کے لئے بھی استعمال کیا گیا۔ سیاستدانوں اور بزنس اشرافیہ سے روابط بنانے کے لئے بھی۔
اگر حکومت کی پالیسی منشیات کے خلاف کچھ کرنے کی ہے تو اس پر عمل تو حکومتی مشینری نے کرنا ہے۔ اگر مقامی طور پر کسی بھی وجہ سے یہ ایسا کرنے کی خواہش نہیں رکھتی تو پالیسی بے اثر ہو جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میکسیکو کی تاریخ میں مرکزی حکومت کی ملک پر گرفت مضبوط نہیں رہی تھی۔ اب انہیں ڈرگ کارٹیل کا سامنا تھا جنہوں نے اپنی نجی افواج رکھ لی تھیں۔ ان کے ہتھیار ملکی فوج کے مقابلے کے تھے جبکہ تنخواہیں اور حوصلہ بہتر تھا۔ کئی علاقوں کی معیشت کا انحصار ان کے دیے گئے روزگار پر تھا۔
یہ زمینی راستہ اب قائم ہو چکا ہے۔ امریکہ میں مانگ مضبوط ہے اور بڑھ رہی ہے۔ میکسیکو منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے اور یہاں پر مسئلہ ہے۔ جب تک امریکہ میں خریدار رہیں گے، میکسیکو سے یہ سپلائی جاری رہے گی۔ اس کو روکنے میں میکسیکو کا مفاد نہیں ہے۔ اس تجارت کے بغیر ملک ان پیسوں سے محروم ہو جائے گا۔ لیکن دوسری طرف، یہ تجارت ملک میں تشدد اور جرائم کو بڑھاوا دیتی ہے۔ اور یہ میکسیکو کے جنوب میں کئی ممالک کا مخمصہ ہے۔
اس وقت میکسیکو میں ایک طرح کی خانہ جنگی جاری ہے۔ یہ منشیات کے مختلف کارٹیل کا علاقوں پر کنٹرول کی لڑائی ہے۔ حکومت یہ دکھانے کی کوشش کرتی ہے کہ کنٹرول اس کے پاس ہے۔ جبکہ اس میں سینکڑوں شہری قتل ہو رہے ہیں۔ اس کی ایک خوفناک مثال 43 اساتذہ کا اکٹھے مجرموں کے گینگ کے ہاتھوں ہونے والا اغوا جس نے پورے ملک کو ہلا دیا۔ پولیس کی سرتوڑ کوشش کے باوجود لیکن اس کے باوجود نہ ہی ان میں سے کوئی زندہ بازیاب ہوا اور نہ ہی کوئی مجرم پکڑا گیا۔ یہ ملک میں جاری طویل پرتشدد تاریخ میں کا ایک واقعہ تھا۔
(جاری ہے)



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں