باتیں ادھر ادھر کی

Post Top Ad

جمعرات، 27 مارچ، 2025

حیوانات کی دنیا (26) ۔ انصاف


اس کے علاوہ سماجی جانوروں میں “انصاف” کا احساس موجود ہے۔ اگر آپ کسی سماجی گروپ میں رہتے ہیں، تو چیزوں کا منصفانہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے معنی یہ کہ کسی برادری کے ہر رکن کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے، تو ناراضگی پیدا ہوتی ہے اور، اگر یہ قائم رہے تو یہ تشدد  کا باعث بن سکتی ہے۔ انسانی برادریوں میں، قوانین سب کے مفادات کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں۔ تاہم، اپنے روزمرہ کے معاملات میں میں ہمارے جذبات زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔  شرم جیسے جذبات جب ہم کچھ برا کرتے ہیں اور خوشی جب ہم اچھا کرتے ہیں، یہ جذبات قانون سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔ بصورت دیگر ہمارے اپنے چار دیواری کے اندر، ہمارے اپنے خاندان کے اندر بھی انصاف نہیں ہو پائے گا۔
یہ ثابت کرنے کے لیے کہ کتوں میں انصاف کا احساس موجود ہے، ویانا یونیورسٹی میں فریڈریکا رینج کی ٹیم نے دو کتوں کو، جو ایک دوسرے کو جانتے تھے، آمنے سامنے بٹھایا۔ تمام کتوں کو صرف ایک سادہ حکم پر عمل کرنا تھا: "مجھے اپنا پنجہ دو۔" اس کے بعد، ایک انعام تھا، جو بہت مختلف ہو سکتا تھا۔ کبھی یہ گوشت کا ایک ٹکڑا ہوتا تھا، کبھی صرف روٹی کا ایک ٹکڑا، اور کبھی یہ—بالکل کچھ بھی نہیں ہوتا تھا۔ جب تک دونوں کتوں کے لیے کھیل کے اصول ایک جیسے تھے، سب کچھ ٹھیک تھا، اور کتے خوشی سے کھیل میں شامل تھے۔ کتوں کو حسد محسوس کروانے کے لیے، جیسے جیسے تجربہ آگے بڑھا، کتوں کو انتہائی غیر منصفانہ طریقے سے انعام دیا گیا۔ مثلاً، دونوں نے پنجہ پیش کیا، تو صرف ایک کو انعام ملا اور دوسرے کو نہیں۔ کچھ  ٹیسٹوں میں ایک کتے کو گوشت کے ٹکڑے سے نوازا گیا جبکہ دوسرے کو کچھ نہیں ملا، حالانکہ اس نے اچھے بچے کی طرح اپنا پنجہ پیش کیا تھا۔  دوسرے کتے کو کھانے کا غیر منصفانہ تحفہ دینے پسند نہیں آیا۔ ایسا کئے جانے سے وہ کتا، جس کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جا رہا تھا، کچھ دیر بعد تنگ آ گیا اور تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔
لیکن اگر کتا اکیلا ہو اور اپنے ساتھی سے اپنا موازنہ نہ کر سکے، تو اس نے اعتراض نہیں کیا اور انعام نہ ملنے پر بھی تعاون جاری رکھا۔
اس تجربے سے پہلے، محققین نے حسد اور ناانصافی کے ایسے جذبات صرف پرائمیٹ میں دیکھے تھے۔
کوّوں میں بھی صحیح اور غلط کا گہرا احساس ہوتا ہے۔ محققین نے یہ اس وقت دریافت کیا جب وہ تعاون اور آلات کے استعمال کو جاننے کے لیے ڈیزائن کیے گئے تجربات کر رہے تھے۔ ان تجربات میں، دو پنیر کے ٹکڑوں والا ایک چھوٹا بورڈ سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا۔ پنیر ایک ڈوری سے منسلک تھا، اور ڈوری کے سرے دو کوّوں تک سلاخوں سے گزارے گئے تھے۔ پرندے صرف اس صورت میں کھانے کو اندر کھینچ سکتے تھے جب وہ دونوں ایک ہی وقت میں ڈوری کے سروں کو احتیاط سے کھینچتے۔ ان ذہین پرندوں کو یہ جاننے میں زیادہ دیر نہیں لگی، اور یہ ٹیسٹ ان پرندوں کے ساتھ خاص طور پر اچھا کام کرتا تھا جو ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔ لیکن کچھ دیگر ٹیموں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ یہ تھا کہ پنیر کو کامیابی سے قریب کھینچنے کے بعد، کوّوں میں سے ایک نے دونوں ٹکڑے چھین لیے۔ جس پرندے کو کچھ نہیں ملا اس نے اس چیز کو پسند نہیں کیا اور اس کے بعد اپنے لالچی ساتھی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔ ایسا لگتا ہے کہ خود غرض افراد پرندوں کی دنیا میں بھی مقبول نہیں ہیں۔
(جاری ہے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

میرے بارے میں