باتیں ادھر ادھر کی

Post Top Ad

جمعہ، 28 مارچ، 2025

حیوانات کی دنیا (36) ۔ انسانوں کا ڈر


زیادہ تر جنگلی جانور انسانوں سے خوف کھاتے ہیں۔ جب ہم ان کے قریب جاتے ہیں تو یہ گھبرا جاتے ہیں۔ خوف کے علاوہ، یہ جاننا دلچسپ ہو گا کہ وہ ہمارے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ کیا وہ ہمیں باقی جانوروں سے الگ تصور کرتے ہیں؟ کیا انہیں معلوم ہے کہ ہم گاڑیاں چلاتے ہیں، کمپیوٹر بناتے ہیں؟ اور عقل کے معیار میں کئی پہلوؤں میں ان سے برتر ہیں؟
اس سوال کا جواب مشکل ہے۔ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ ہمارے علاوہ دوسرے لوگ دنیا کو کیسے دیکھتے ہیں، کیونکہ ان کے دماغوں میں داخل ہونا تقریباً ناممکن ہے۔ اگر دیگر انسانوں کے ساتھ ہم ایسا نہیں کر سکتے، تو جانوروں کے نقطہ نظر سے چیزوں کو دیکھنے کی امید کیسے رکھ سکتے ہیں؟ ایسا کرنے کی کوشش کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ جب ہم نظر ہوتے ہیں تو جانوروں کا ردعمل کیا ہے۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ آیا ہم ان کی روزمرہ کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں یا نہیں۔ ایک طرف، ہم ان کی تکلیف یا موت کی وجہ بن سکتے ہیں جب ہم ان کا استحصال یا شکار کرتے ہیں۔ دوسری طرف، ہم ان کی دیکھ بھال کے مثبت پہلوؤں کی وجہ سے اثر ڈال سکتے ہیں، جیسے کہ انہیں خوراک فراہم کرنا۔
ہماری بہترین صورت وہ ہے جب ہم نہ تو انہیں نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں اور نہ ہی ان کی مدد کر رہے ہوتے ہیں۔ ان حالات میں، جانور عام طور پر وہ رویہ اختیار کرتے ہیں جو کہ آئیڈیل کرتے ہیں: یعنی کہ وہ ہمیں نظر انداز کرتے ہیں۔ افریقہ سے ایک خاص طور پر دلچسپ مثال 2015 کے موسم گرما میں انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی۔ برطانیہ کے ڈیلی میل کے آن لائن ایڈیشن نے جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک کی تصاویر شائع کیں۔ شیر ایک مصروف سڑک کے بیچ میں کھڑے ہو کر بارہ سنگھے کا گوشت چیر پھاڑ رہے تھے اور ان کے چاروں طرف گاڑیاں تھیں۔ جس چیز نے ڈرائیوروں کو سب سے زیادہ حیران اور چونکا دیا وہ یہ تھی کہ ان کو اپنے کھانے کے پس منظر میں کوئی دلچسپی نہیں تھی: جھاڑیاں، پتھر، گاڑیوں میں لوگ—ان کے لیے سب ایک جیسا تھا۔
اگر آپ نے افریقہ میں سفاری کی تصاویر دیکھی ہوں تو اس میں بھی زیبرا، ہرن وغیرہ انسانوں کو نظرانداز کر رہے ہوتے ہیں۔ گالاپاگوس جزائر، اینٹارٹیکا کے ساحل، ییلوسٹون پارک جیسی جگہوں میں جانور انسانوں کو بہت قریب آنے دیتے ہیں اور گھبراتے نہیں۔ لیکن باقی زیادہ تر جگہوں پر ایسا کیوں نہیں؟ کیونکہ جانور سیکھ چکے ہیں کہ وہ دو ٹانگوں والی مخلوق سے محفوظ نہیں ہیں۔
انسان شکار کے لئے بصارت پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اس لئے شکار کئے جانے والے جانور چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔ (اگر ہم بو کی مدد سے یہ کیا کرتے تو شاید نسل در نسل جانور اپنی بو ختم کر لیتے۔ اگر سماعت سے کرتے تو بالکل خاموش ہو جاتے)۔ خاص طور پر دن کے وقت دنیا کے بیشتر علاقوں میں جنگلی جانور ہم سے چھپیں گے۔ رات کو متحرک ہوں گے۔ ہرن یا جنگلی سور جیسے جانور دن کے جانور ہیں لیکن انسانوں کی وجہ سے اب یہ رات کو زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ آباد علاقوں کے قریب انہوں نے اپنا نارمل طریقہ بدل لیا ہے۔ صرف بہت نوجوان یا لاپرواہ جانور ہی دن کے وقت باہر آتا ہے۔ یہ صرف طور پر بتاتا ہے کہ جانور تجربے سے سیکھتے ہیں۔
(جاری ہے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

میرے بارے میں