باتیں ادھر ادھر کی

Post Top Ad

جمعہ، 21 مارچ، 2025

حیوانات کی دنیا (8) ۔ اندر کی دنیا


جانوروں کی جذباتی اور اندرونی زندگی میں مزید گہرائی میں جانے سے پہلے، ہمیں ایک بار پھر یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ کیا یہ خیال محض دور کی کوڑی تو نہیں ہے۔ کیا جذبات کے لئے کچھ خاص دماغی ساخت کی ضرورت ہوتی ہے؟ سائنس کی موجودہ روایتی سوچ کے مطابق اس کا جواب واضح طور پر “ہاں” میں ہے۔ انسانوں میں، یہ لمبک سسٹم ہے جو ہمیں خوشی، غم، خوف، یا خواہشات کے احساس کا موقع دیتا ہے اور، دماغ کے دوسرے حصوں کے ساتھ مل کر، یہ مناسب جسمانی ردعمل فراہم کرتا ہے۔ یہ دماغی ساخت ارتقائی لحاظ سے بہت پرانی ہیں اور یہ دوسرے بہت سے ممالیہ جانوروں میں بھی ہیں۔ بکریاں، کتے، گھوڑے، گائیں ۔۔۔ یہ لمبی فہرست ہے۔ حالیہ تحقیق کے مطابق، نہ صرف ممالیہ جانور بلکہ پرندے اور یہاں تک کہ مچھلیاں بھی، جنہیں ماہر حیاتیات ارتقائی پیمانے پر بہت الگ جگہ پر  رکھتے ہیں، اس فہرست میں شامل ہیں۔
آبی جانوروں کے معاملے میں، یہ درد پر تحقیق تھی جس نے جذبات کے موضوع کو جنم دیا۔ نقطہ آغاز یہ تھا کہ کیا مچھلیاں ماہی گیروں کے کانٹوں سے ہونے والی چوٹ کو محسوس کر سکتی ہیں؟ بہت عرصے تک سمجھا جاتا کہ اس کا جواب نفی میں ہے۔۔ جب آپ ماہی گیری کے ٹرالروں کی تصاویر دیکھتے ہیں جو زندہ، آہستہ آہستہ دم گھٹنے والے سمندری جانوروں سے بھرے جالوں کو اوپر کھینچتے ہیں اور جب اس کے آخر میں ایک مچھلی کو تڑپتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت عرصے تک اسے توجہ کے قابل نہیں سمجھا جاتا رہا تھا۔ اس کی وجہ ایک غیر ثابت شدہ مفروضے کی قبولیت ہے کہ مچھلیاں بے شعور مخلوق ہیں۔ جو احساس نہیں رکھتیں۔
اس پر تحقیق کرنے والی پروفیسر وکٹوریا بریتھ ویٹ تھیں جنہوں نے مچھلیوں کے منہ میں درد کے لئے 20 ریسپٹر دریافت کئے۔ یہاں پر کچھ چبھنے سے مچھلی کے دماغ کے پچھلے حصے میں بالکل ویسا ہی ردعمل ہوتا تھا جو کہ انسانوں میں درد کے موقع پر ہوتا ہے۔ ماہی گیروں کے کانٹوں سے ہونے والی مچھلی کی تکلیف کا احساس اصل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیکن جذبات کے بارے میں کیا خیال ہے؟ اس کے لئے خوف پر غور کریں۔ انسانوں میں، خوف بادام کی شکل کے امیگدالا میں پیدا ہوتا ہے۔ طویل عرصے تک اس کا اندازہ تو تھا لیکن یہ ثابت نہیں ہوا تھا۔ جنوری 2011 تک آئیووا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایس ایم نامی ایک خاتون کے بارے میں ایک مقالہ شائع کیا ۔ ایس ایم مکڑیوں اور سانپوں سے ڈرتی تھی—جب تک کہ ایک نایاب بیماری کے بعد اس کے امیگدالا کے خلیے مر نہیں گئے۔ اس نے محققین کو یہ جاننے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا کہ جب یہ عضو کھو جاتا ہے تو کیا ہوتا ہے۔ وہ ایس ایم کو ایک پالتو جانوروں کی دکان پر لے گئے اور اس کا ان جانوروں سے سامنا کروایا جن سے وہ ڈرتی تھی۔ خاتون اب جانوروں کو چھو سکتی تھی، جو وہ پہلے کبھی نہیں کر سکتی تھی، اور اس نے بتایا کہ وہ ان کے بارے میں محض متجسس محسوس کرتی ہے اور اب ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہے۔ اور اس طرح خوف کی جگہ کو اب انسانوں میں درست طور پر تلاش کیا جا سکتا ہے۔ لیکن مچھلیوں کے بارے میں کیا خیال ہے؟
مانوئل گارشیا اور ان کی سیویل یونیورسٹی کی ٹیم نے مچھلی کے دماغ کے بیرونی حصوں میں ایسے سٹرکچر دریافت کئے ہیں۔ سب سے پہلے، محققین نے گولڈ فش کو تربیت دی کہ جیسے ہی سبز روشنی آئے وہ اپنے ٹینک کے ایک کونے سے تیزی سے دور تیر جائیں۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو انہیں بجلی کا جھٹکا لگا۔ پھر، محققین نے مچھلیوں کے دماغ کے ایک حصے کو غیر فعال کر دیا جسے ٹیلی اینسفیلون کہا جاتا ہے۔ یہ ہمارے خوف کے مرکز سے مماثلت رکھتا ہے، اور اسے بند کرنے کا وہی نتیجہ نکلا جو انسانوں میں ہوتا ہے: اس کے بعد سے گولڈ فش سبز روشنی سے نہیں ڈرتی تھی اور انہوں نے اسے نظر انداز کر دیا۔ اس سے، محققین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مچھلیوں اور زمینی فقاری جانوروں نے مشترکہ آباؤ اجداد سے ایک جیسی دماغی ساختیں وراثت میں حاصل کی ہیں جو چالیس کروڑ سال سے زیادہ پہلے رہتے تھے۔
"اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ تمام فقاری جانوروں کے پاس بہت طویل عرصے سے جذبات کے لیے ہارڈ ویئر موجود ہے، لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ جانور اسی طرح چیزیں محسوس کرتے ہیں جس طرح ہم کرتے ہیں؟ بہت سی چیزیں اسی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ایسا ہی ہے۔ سائنسدانوں نے مچھلیوں میں آکسیٹوسن بھی پایا ہے، وہ ہارمون جو نہ صرف ماؤں کو خوشی دیتا ہے، بلکہ جنسی رفیقوں کے درمیان محبت کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ مچھلیوں میں خوشی اور محبت؟ ہم اسے ثابت نہیں کر پائیں گے، کم از کم مستقبل قریب میں تو نہیں۔ لیکن اگر کوئی شک ہے، تو ہم یہ کیوں فرض کرتے ہیں کہ ایسا نہیں؟ دراصل، سائنسدانوں نے جانوروں میں جذبات کی موجودگی کے خلاف اتنی دیر تک بات کی ہے کہ یہی خیال زیادہ تر قبول کیا جاتا ہے۔ لیکن ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس بارے میں روایتی سائنس کی دانائی بنیادی طور پر بے بنیاد ہے۔
(جاری ہے)


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

میرے بارے میں