باتیں ادھر ادھر کی

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

جمعہ، 7 ستمبر، 2018

انتخابات کے نتائج


نہیں، یہ پاکستانی انتخابات کے بارے میں نہیں۔ کمبوڈیا میں عام انتخابات ہوئے ہیں۔ آج رات تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق اسمبلی کی ایک سو پچیس نشستوں میں موجودہ وزیر اعظم ہون سین کی جماعت بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئی ہے۔ ووٹر ٹرن آؤٹ اسی فیصد سے زیادہ رہا۔ پچھلے ۳۳ سال سے ہون سین وزیر اعظم چلے آ رہے ہیں اور اب مزید پانچ سال کے لئے منتخب ہو گئے ہیں۔ ان انتخابات میں انیس جماعتوں نے حصہ لیا۔
لیکن اس میں خاص کیا ہے؟ ہون سین سے پہلے خمیر روج کے دور حکومت میں کمبوڈیا میں پچھلی صدی کا بدترین قتل عام ہوا۔ بیس لاکھ لوگ اس میں مارے گئے۔ پھر اقوام متحدہ کی مداخلت اور ایک تکلیف دہ دور سے گزرنے کے بعد عام انتخابات جیت کر ہون سین نے ۱۹۸۵ میں اقتدار سنبھالا۔ ملک میں جوش و خروش تھا اور امید تھی۔ دنیا میں ان کی کارکردگی کو ان ابتدائی سالوں میں بہت سراہا گیا۔ پھر سال گزرتے گئے۔
پچھلے انتخابات میں اپوزیشن کی ایک جماعت نے حیران کن طور پر اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات میں کچھ جگہ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ پچھلے سال عدالت نے اس جماعت کو کالعدم قرار دیا۔ اس کے سربراہ کیم سوخا اب امریکہ کیساتھ گٹھ جوڑ کرنے اور غداری کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اب سوشل میڈیا پر سیاست پر بات کرنے پر جیل ہو سکتی ہے۔
یہ ملک اس وقت علاقے کا غریب ترین ملک بن چکا ہے۔ اپنے ہمسائیوں ویتنام اور لاؤس کے مقابلے میں یہاں پر اوسط آمدنی آدھی سے بھی کم ہے۔ غربت عام ہے۔ قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کے تیارکردہ ایک سو تیرہ ممالک کے انڈیکس میں دنیا اس سے پیچھے صرف وینیزویلا ہے۔
کچھ مبصرین کے مطابق کل ہونے والے پرامن انتخابات نے اس ملک کی مستقبل کی تمام امیدوں کو ختم کر دیا ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق اب ملک میں اب ہر طرف سکون ہے۔
مقابلے کی فضا، سیاسی گہما گہمی، رائے کے اظہار کی آزادی، بدلتی حکومتیں، تنقید کرنے والی آراء، انسانی حقوق کی تنظیموں کے احتجاج اور بیرونی دنیا کی رائے کمبوڈیا کے اس سکون میں اب مخل نہیں۔
ان پرامن انتخابات کے انعقاد پر جکارتہ ٹائمز کی رپورٹ
http://www.thejakartapost.com/…/cambodias-election-runs-wel

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں